اڈپی ،11؍ جولائی (ایس او نیوز) اڈپی ضلع بی جے پی کی طرف سے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وشنو وردھن کو ایک میمورنڈم دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوج کے خلاف ہتک آمیز میسیج پوسٹ کرنے والے شخص کی حمایت کرنے کے جرم میں سابق وزیر اعلیٰ سدا رامیا پر ملک سے غداری کا مقدمہ دائر کیا جائے۔
ضلع بی جے پی صدر کوئلاڈی سریش نائیک کی طرف سے ایس پی کو دیے گئے میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ " کارکلا کے رہنے والے رادھا کرشنا نائیک ہیرگنا کے خلاف فوج کے تعلق سے مبینہ ہتک آمیز میسیج پوسٹ کرنے، فوجیوں کو قتل کرنے کی دھمکی دینے اور دشمن ملک پاکستان کی حمایت کرنے کا کیس داخل کیا گیا ہے ۔ اسی بیچ سابق وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے اپنے ٹوئیٹر اکاونٹ پر ملزم رادھا کرشنا نائیک کی حمایت میں میسیج پوسٹ کیا ہے۔ ظاہری طور پر یہ ایک ایسے شخص کے ساتھ تعاون کرنے کا معاملہ لگتا ہے جس نے فوجیوں کو قتل کرنے کی سازش رچی تھی اور ملک کے ساتھ غداری میں ملوث ہوا تھا۔ اس لئے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سابق وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 124 کے تحت غداری کرنے ، غداری پر اکسانے اور سوشیل میڈیا پر جھوٹی باتیں شائع کرنے کا مقدمہ درج کیا جائے۔"
اس موقع پر بی جے پی کے مختلف شعبہ جات سے متعلق عہدیداران اور لیڈران موجود تھے۔